نئی دہلی6ستمبر ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) نائب صدرجمہوریہ نائیڈو نے کہا ہے کہ بچوں میں سیکھنے کی متنوع خواہش کو دیکھتے ہوئے اساتذہ کو بھی تعلیم کے منفرد انداز اپنانے ہوں گے جس سے تعلیم و تدریس کے شعبہ میں زیادہ سے زیادہ تنوع لایا جائے ۔نائیڈو نے بدھ کو ٹیچر کے دن کے موقع پر منعقد پروگرام میں طلباء اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیکھنے کا سب سے مضبوط اور مؤثر ذریعے تجرباتی تعلیم ہے۔ جس میں کچھ کر کے یا استعمال سے آسانی سے بچوں کو سکھایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں جو سنتا ہوں، اسے بھول جاتا ہوں، جو دیکھتا ہوں وہ یاد رہتا ہے اور جو کچھ کرتا ہوں اسے سمجھ جاتا ہوں۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ اساتذہ کو تجربات اور سرگرمیوں کے ذریعے سے طالب علموں کو پڑھانا چاہیے۔نائیڈو نے اسے تعلیم کے اصول بتاتے ہوئے کہاکہ گرودیو رویندر ناتھ ٹیگوراورمہاتما گاندھی نے اس کی تفصیل سے تشریح کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی جی نے عمل کی بنیاد پر نئی تعلیم کے نام سے تعلیم کا نیا نقطہ نظر اختیار کیا تھا۔